منگلورو 25؍اگست (ایس او نیوز) ایک ممنوعہ پستول غیر قانونی طور پر اپنے قبضے میں رکھنے کے جرم میں ایک شخص کو عدالت نے پانچ سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے ۔ تفصیل یہ بتائی جاتی ہے کہ 7سال قبل ایچ ایم سی وے برڈج کے قریب بھاسکرعرف بچّو (33سال) کو پولیس نے ایک ممنوعہ پستول کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔کیونکہ اس سات انچ لمبے اور 77770 سیریل نمبر والے خاص قسم کے پستول کو اپنے پاس رکھنے کاکوئی اجازت نامہ نہیں تھااوریہ پستول عام آدمی کے لئے ممنوع تھا اور اس پر "صرف آرمی کے لئے" کندہ کیا ہوا تھا۔
اس وقت سورتکل پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹررمیش ہانپور نے بھاسکر کے خلاف معاملہ درج کرنے اور تحقیقات مکمل کرنے کے بعد چارج شیٹ داخل کی تھی۔چیف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج کے ایس بیلگی نے کیس کی شنوائی کے بعد ملزم بھاسکرکو 5سال قید بامشقت اور 10ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے ، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کی قید میں مزید ایک ماہ کی توسیع ہوگی۔